افغان قونصلر جنرل 25 کلو سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئیں

   

ممبئی: ہندوستان میں افغانستان کی قونصل جنرل ذکیہ وردک 1.9 ملین ڈالر کی مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران دھر لی گئیں تاہم سفارتی استثنیٰ ہونے کی وجہ سے انھیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ ممبئی ایئرپورٹ پر انٹلیجنس حکام نے شک ہونے پر ذکیہ اور ان کے بیٹے کے سامان کی تلاشی لی تھی اور 25 کلو سونا برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستان کی افغان قونصل جنرل ذکیہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ذکیہ نے استعفیٰ کی کوئی واضح وجہ تو بیان نہیں کی لیکن اپنی پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میری ذات پر متعدد بار حملے کیے گئے اور ہتک عزت کا سامنا کرنا پڑا۔ذکیہ نے مزید لکھا کہ اس طرح کے واقعات افغان معاشرہ میں خواتین کو درپیش مشکلات کو ظاہر کرتے ہیں۔ تاہم انھوں نے سونا اسمگل کرتے ہوئے پکڑے جانے کے الزام پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی ہندوستان میں افغان سفارتخانہ کام کر رہا تھا تاکہ طلبا اور کاروباری شخصیات کی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔ تاہم وسائل کی کمی اور دیگر انتظامی معاملات میں بگاڑ کے باعث گزشتہ برس نومبر میں افغان سفارتخانے کو بند کرنا پڑا تھا اور اس وقت ذکیہ واحد قونصل جنرل کے طور پر کام کر رہی تھیں۔