ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا
آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا
پاکستان کے ساتھ کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے تعلق سے سارے ملک کے عوام میں شدید دلچسپی پائی جاتی ہے ۔ لوگ لگاتار تازہ ترین اطلاعات کے حصول کیلئے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں۔ سارے ملک کے عوام ہندوستانی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کیلئے دعائیں کر رہے ہیں اور نیک تمناوں کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ فوج کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ پاکستان کے خلاف شدید برہمی اور غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ اس کے اقدامات کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے صفحہ ہستی سے مٹانے کا انتباہ بھی دیا جا رہا ہے ۔ ہندوستانی مسلح افواج کی جانب سے سرحدات کی موثر ڈھنگ سے اور مستحکم انداز میں حفاظت کی جا رہی ہے ۔ دشمن کے عزائم اور منصوبوںکو ناکام بنایا جا رہا ہے ۔ اس کے حملوںکو ناکام بنایا جا رہا ہے ۔اس کے ڈرونس ‘ میزائیلس اور حتی کہ اس کے جنگی جہازوں کو تک مار گرایا جا رہا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں عوام کے حوصلے بھی بلند ہیں اور وہ اپنی مسلح افواج کیلئے لگاتار نیک تمناوں کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایسے میںکچھ گوشوں کی جانب سے افواہیںپھیلائی جا رہی ہیں۔ ایک طرح کا ہیجان پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ یہ عناصر عوام کے جذبات کا استحصال کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کہیں اے ٹی ایم مراکز بند رہنے کی بات کہی جا رہی ہے تو کہیں عوام کو رقومات اپنے ہاتھ میں رکھنے تو کہیں غذائی اجناس وغیرہ کا ذخیرہ کرنے کے مشورے دئے جا رہے ہیں۔ یہ سارا کچھ منفی سوچ کا نتیجہ ہے اور اس طرح کی اطلاعات محض بے بنیاد اندیشے ہیں ۔ غیر ضروری افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ملک کے عوام جہاںانتہائی حوصلے کے ساتھ اور بلند عزائم کے ساتھ اپنی افواج پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں تو کچھ عناصر افواہیں پھیلاتے ہوئے ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حالانکہ ان کے عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے کیونکہ ہندوستانی عوام بلند حوصلہ ہیں اور اپنی افواج پر پوری طرح سے یقین رکھتی ہیں۔ ہندوستانی مسلح افواج کی کارکردگی سارے ملک کیلئے قابل فخر اور قابل ستائش ہے ۔
کچھ گوشے جہاں اس ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے اس میں بھنگ ڈالنے کوشش کر رہے ہیں تو کچھ گوشوں کی جانب سے ایک طرح کا ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ یہ حرکتیں ملک کے اور ملک کے عوام کے مفاد میںہرگز نہیں ہے ۔ عوام پورے حوصلے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری افواج دشمن کے ہر حربے ‘ ہر ہتھکنڈے اور ہر کوشش کو پوری دلیری کے ساتھ ناکام بنا رہی ہے ۔ ایسے میں اندرون ملک افواہیں پھیلاتے ہوئے اور ایک طرح کا ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ماحول کو بگاڑا جا رہا ہے ۔ یہ کوششیں انتہائی مذموم اور قابل مذمت ہیں۔ ان سے باز آجانا چاہئے ۔ جو عناصر ایسی حرکتیں کرتے ہوئے ماحول کو پراگندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ا ن کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہیں یہ احساس دلانا چاہئے کہ انتہائی اہمیت کے حامل اور حساس مواقع پر قوم کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے نہ کہ حوصلے پست کرنے کی ۔ ہندوستان کے عوام کے حوصلے کوئی طاقت پست نہیں کرسکتی تاہم ایسے عناصر کو ان کی کوششوں سے باز رکھا جانا بھی ضروری ہے تاکہ عوام میں کسی طرح کی الجھن یا غلط فہمیاں پیدا ہونے نہ پائیں۔ جس طرح افواہوں کے نتیجہ میں الجھن اور غلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں اسی طرح ہیجان پیدا کرنے سے بھی ماحول پر منفی اثر پڑسکتا ہے ۔ موجودہ حالات میں پورے صبر و تحمل کے ساتھ اور مسلح افواج پر کامل یقین کے ساتھ ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے ۔
حکومت کی جانب سے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اقدامات کئے گئے ہیں۔ دشمن کے ہر وار کو ناکام بناتے ہوئے موثر جواب دیا جا رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے عوام اور میڈیا کیلئے بھی کچھ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کی پابندی کی جانی چاہئے ۔ جو صورتحال اس کے مطابق کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ افواہیں پھیلانے اور ہیجان پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے موثر جواب دیا جانا چاہئے ۔ ایسے عناصر کی سرکوبی کی جانی چاہئے ۔ ملک کے ماحول کو بگاڑنے اور عوام کے حوصلوںکو پست کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا اور نہ اس کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ حکام کو اس کا نوٹ لینا چاہئے ۔