اقامتی اسکولوںمیں طلباء کی موت پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکاکا اظہار تشویش

   

پسماندگان کو ایکس گریشیا اور ملازمت، جگتیال میں متاثرہ اسکول کا دورہ
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے جگتیال ضلع میں سرکاری اقامتی اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں پیش آئے واقعات کا جائزہ لیا۔ بھٹی وکرامارکا نے جگتیال کے اس اقامتی اسکول کا دورہ کیا جہاں ناقص غذا کی سربراہی کے نتیجہ میں دو طلباء کی موت واقع ہوئی اور چار دیگر بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ پداپور اقامتی اسکول میں دو طلباء کی موت کے واقعہ نے حکومت کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں صحت و صفائی کے موثر انتظامات اور صحت بخش غذا کی سربراہی کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ فوت ہونے والے طلباء کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد تحقیقات کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں بی آر ایس حکومت نے اقامتی اسکولوں کو نظرانداز کردیا تھا۔ کانگریس حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور اقامتی اسکولوں کی تعمیر کیلئے بجٹ میں 5 ہزار کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کلکٹر کانفرنس کے موقع پر واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اقامتی اسکولوں کی عمارتیں مستقل ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی کمیٹی نے ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کی سفارش کی ہے۔ پداپور اسکول میں طلباء کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے پسماندگان کو ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کے علاوہ خاندان کے کسی ایک فرد کو اقامتی اسکول سوسائٹی میں تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر آؤٹ سورسنگ ملازمت دی جائے گی۔ ضلع کلکٹر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر متاثرہ خاندان بے گھر ہیں تو انہیں اندراماں ہاوزنگ کے تحت 5 لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ اقامتی اسکولوں میں صحت و صفائی کے انتظامات کیلئے 50 لاکھ روپئے مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص انتظامات کے ذمہ دار پائے جانے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی موت کے واقعات نے حکومت کو دکھی کردیا ہے۔ 2018-19 میں بی آر ایس حکومت نے اقامتی اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے 79 کروڑ مختص کئے تھے لیکن یہ رقم جاری نہیں کی گئی۔ ضلع کلکٹر اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ڈپٹی چیف منسٹر نے ضروری ہدایات جاری کی۔ اسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بھی اسکول کا دورہ کیا اور طلباء سے ملاقات کی۔1