اقامتی اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی پرحکومت کی توجہ

   

وقار آباد کے 104 اسکولوں میں ضروری سامان کی تقسیم ، اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی ڈی پرساد کمار نے وقار آباد میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقہ کے افراد نے سرکاری اسکیمات کے مکتوب حوالے کئے۔ پرساد کمار نے وقار آباد کلکٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ ان کے ہمراہ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ پی مہیندر ریڈی ، ضلع کلکٹر پرتیک جین ، ایڈیشنل کلکٹر لنگیا نائک اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسپیکر اسمبلی نے سرکاری اقامتی اسکولوں میں اشیائے ضروریہ کی تقسیم عمل میں لائی ۔ ضلع میں 104 ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کے اقامتی اسکولس قائم ہیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کی ستائش کی اور کہا کہ حکومت سے فنڈس حاصل کرتے ہوئے اقامتی اسکولوں میں غذائی اجناس کی سربراہی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ ا قامتی اسکولوں میں انفراسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ وقار آباد کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے اقامتی اسکولوں کے مسائل سے حکومت کو واقف کرایا تھا ۔ پرساد کمار نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اپنی حقیقی اولاد کی طرح سلوک کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت نے مجموعی بجٹ میں 7 فیصد رقم تعلیم کیلئے مختص کی ہے۔ اقامتی اسکولوں میں 8 لاکھ سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلس میں ریونت ریڈی حکومت نے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد اور کاسمیٹکس چارجس میں 200 فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں میں معیاری غذا کی سربراہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقفہ وقفہ سے اقامتی اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیں۔ حکومت سرکاری اسکولوں کو مفت برقی سربراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس کی تعمیر کا مقصد تمام طبقات کے طلبہ میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ کانگریس برسر ا قتدار آنے کے بعد سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ میں ٹریننگ کیلئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اس موقع پر اقامتی اسکولوں کیلئے پکوان کا ضروری سامان حوالے کیا گیا۔1