وبائی امراض سے بچاؤ پر توجہ، صحت و صفائی کے انتظامات
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات و ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست کے تمام اقلیتی اقامتی اسکولوں میں طلبہ کے طبی معائنوں کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست کے بعض اقامتی اسکولوں میں ناقص غذا کی سربراہی کے سبب طلبہ کی صحت بگڑنے کے واقعات کا حکومت نے سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولوں کے طلبہ کا میڈیکل چیک اپ کرنے کی حکام کو ہدایت دی گئی ہے۔ مانسون کی آمد کے بعد موسمی بیماریوں میں اضافہ کا رجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی اور وبائی امراض سے بچانے کیلئے عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اقامتی اسکولوں میں تمام ضروری احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ واٹر ٹینکس کی باقاعدہ صفائی کے ذریعہ صاف اور شفاف پانی سربراہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی صحت کے بارے میں بھی انتظامیہ کو ریکارڈ رکھنا چاہیئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ صحت و صفائی کے ناقص انتظامات یا ناقص غذا کی سربراہی کی صورت میں عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے احاطہ اور اس کے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہیئے۔ پونم پربھاکر نے جگتیال میں گذشتہ دنوں پیش آئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کو درپیش مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ مقامی ارکان اسمبلی اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے اقامتی اسکولوں پر نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی میں اضافہ کے سبب میس چارجس میں اضافہ کیا گیا۔ حکومت نے محکمہ تعلیم کیلئے5 ہزار کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے۔1