اقتدار میں جانچ اور توازن کیلئے راجیہ سبھاکے رول کی ستائش

,

   

این سی پی اور بی جے ڈی کے رول کی تعریف ، ایوان بالا کے 250 ویں اجلاس سے وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی ۔ 18 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا جمہوریت میں توازن برقرار رکھنے کیلئے نہایت ضروری ہے ۔ راجیہ سبھا کے 250 ویں اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ایوان میں مباحث بامعنی اور موثر ہونا چاہئے ۔ انھوں نے کسی بھی معاملہ میں بائیکاٹ اور توازن رکھنے اور اس کے درمیان فرق کی وضاحت کی ۔ اس موقع پر انھوں نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے الفاظ کو دہرایا جب انھوں نے کہاکہ راجیہ سبھا سکنڈ ہاؤز یعنی دوسرا ایوان ہوسکتا ہے لیکن کوئی اس کو ذیلی ایوان تصور نہ کرے ۔ انھوں نے اٹل بہاری واجپائی کے ان الفاظ کو دہراتے ہوئے کہاکہ راجیہ سبھا ملک کی ترقی کیلئے معاون حرکیاتی ایوان کا کام کرے۔ ارکان کی جانب سے کئی گئی قانون سازی جمہویت کے نظریہ کو فروغ دیتی ہے ۔ انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ راجیہ سبھا اپنا کام کرے گی اور ایوان میں کام کاج خراب نہیں ہوگا ۔ وزیراعظم مودی نے اس موقع پر دو جماعتوں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) اور بیجو جنتادل (بی جے ڈی ) کی ستائش کی اور کہاکہ دونوں جماعتوں نے پارلیمانی قواعد کا بھرپور خیال رکھا اور اپنے مسائل کو پیش کرنے کے لئے کبھی ایوان کے وسط تک نہیں گئے اور اپنی بات کو موثر انداز میں بھی پیش کیا ۔ انھوں نے کہاکہ ان دونوں جماعتوں سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا دستو رفلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کی ترغیب اور حوصلہ دیتا ہے اور ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے کیلئے ہمیں متحرک کرتا ہے ۔ راجیہ سبھا ’’کونسل آف اسٹیٹس ‘‘ ہے جو باہمی وفاقیت کے جذبہ کو مزید فروغ دیتی ہے ۔ مودی نے کہاکہ دفعہ 370 اور 35A کی منسوخی سے متعلق بلز کی پیشکشی کے موقع پر راجیہ سبھا کے رول کو کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا جس وقت ان بلز کو منظوری دی گئی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ راجیہ سبھا مزید اتحاد و اتفاق رائے سے کام کیا ہے ۔ یہ سمجھا جارہا تھا کہ تین طلاق بل راجیہ سبھا میں منظور نہیں ہوگا لیکن یہ بل راجیہ سبھا میں بھی منظور ہوا ۔ راجیہ سبھا ان قائدین کو قوم کی خدمت اور اس کی ترقی کے لئے اپنا حصہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے جو انتخابی سیاست سے دور رہتے ہیں ۔ اس بات کو کون فراموش کرسکتا ہے کہ راجیہ سبھا کے ذریعہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جیسے قد آور قائد نے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔