اقتدار ہو یا نہ ہو کانگریس کووڈ۔19 کیخلاف عوام کیساتھ :سونیا

,

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی کا مثبت ردعمل ،سونیا کوصحت پر توجہہ دینے کی صلاح۔ وزیراعظم نے غریبوں کی مشکلات پر توجہہ نہیں دی :سی پی ایم
نئی دہلی ۔14 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج عوام کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ اُن کی پارٹی کورونا کی وجہہ سے جاری بحران کے درمیان اقتدار سے قطع نظر عوام کا ہمیشہ ساتھ دیگی۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ مضبوط حوصلے کے ساتھ ملک اس بحران سے جلد ہی کامیابی سے اُبھر آئے گا ۔ پارٹی کے جاری کردہ ویڈیو پیام میں صدر کانگریس نے ملک کے عوام سے گھروں میں ہی رہنے ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور لاک ڈاؤن کو کامیاب کرانے کی اپیل کے ساتھ کہا کہ جب تک ہر کوئی تائید و حمایت نہ کرے ، اس لڑائی کو جیتنا ممکن نہیں رہے گا ۔ صدر کانگریس کا پیام وزیراعظم نریندر مودی کے قوم سے خطاب سے تھوڑی دیر قبل منظرعام پر آیا۔ وزیراعظم نے 21 روزہ لاک ڈاؤن کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کی صراحت کی ۔ جاریہ لاک ڈاؤن آج شب ختم ہورہا ہے ۔ سونیا گاندھی نے عوام سے امن اور صبر و تحمل برقرار رکھنے پر اظہارتشکر کیا ۔ اُنھوں نے کہا کہ آج جب ملک ایسی بڑی لڑائی لڑ رہا ہے ہر کانگریس ورکرس کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اور وہ اس لڑائی میں شامل ہر فرد کی مدد کرنے ہمیشہ تیار ہے ۔ ریاستی سطح ہو یا مرکزی کنٹرول روم ہر جگہ ہماری تائید و حمایت دستیاب ہے اور ہر کانگریس ورکرآپ کی مدد کرے گا ۔ سونیا گاندھی نے جب لاک ڈاؤن میں توسیع کی حمایت کی تب صدر بی جے پی جے پی نڈا نے ردعمل میں کانگریس سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے لاک ڈاؤن کی بدستور تعمیل کرنے کی اپیل کی ۔ وزیراعظم کا خطاب مکمل ہونے کے بعد نڈا نے ٹوئٹ کیا کہ سونیا جی ! شکریہ ۔ تاہم آپ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ تاہم بعض بی جے پی گوشوں نے کہا کہ سونیا کو وزیراعظم کے خطاب سے قبل ویڈیو پیام جاری نہیں کرنا چاہئے تھا ۔ دریں اثناء اپوزیشن سی پی آئی ( ایم ) نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع تو کردی گئی لیکن وزیراعظم اور مرکزی حکومت کو غریبوں اور پریشان حال لوگوں کی مشکلات میں ہونے والے اضافے کے ازالہ کا بھی سوچنا چاہئے اور بہتر ہوتا کہ وزیراعظم اس سلسلے میں کوئی ٹھوس منصوبے بیان کرتے اور اقدامات کا اعلان کرتے ۔ پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ تین ہفتے کے لاک ڈاؤن کے تجربے نے دکھادیا ہے کہ ہمارے عوام کے قابل لحاظ گوشے کو بھوک مٹانے اور آسراء لینے میں دقتوں کا سامنا ہے اس لئے لازمی ہے کہ حکومت کو فوری طورپر 7500 روپئے بطور ایکس گریشیا کی تمام انکم ٹیکس کے دائرے میں نہ آنے والے فیملیوں کو منتقل کرنا چاہئے ۔ اسی طرح تمام ضروررتمندوں کے لئے غذائی اجناس کی مفت عمومی فراہمی کو یقینی بنانا چاہئے ۔وزیراعظم نے آج لوگوں سے سات باتوں پر عمل کرنے کا اپیل کی لیکن حکومت نے غریبوں اور مزدوروں کیلئے کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کا اعلان نہیں کیا۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کورونا وائرس انفیکشن کے لئے بڑے پیمانے پر ٹسٹ کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم قدم ہے لیکن ملک اس معاملے میں پیچھے ہے۔