اقرباء پروری ملک اور جمہوریت کیلئے زہر: امیت شاہ

   

Ferty9 Clinic

بھوپال: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج خاندان پرستی کو ملک اور جمہوری نظام کے لیے ‘زہر’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کانگریس سمیت کئی پارٹیاں اس کی مثالیں ہیں۔ کئی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں خاندان پرستی نہیں ہے ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر شاہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہاں کشابھاو ٹھاکرے آڈیٹوریم میں ریاست میں تقریباً 20 سال کی بی جے پی حکومت کا رپورٹ کارڈ پیش کیا۔ اس دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں شاہ نے خاندان پرستی کے بارے میں کہا کہ بی جے پی میں خاندان پرستی بالکل نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور خود سمیت بی جے پی کے کئی لیڈروں کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سب کس خاندان سے آئے اور آگے بڑھے ۔ شاہ نے کہا کہ خاندان پرستی وہ ہے جس میں کسی مخصوص خاندان کی پارٹی اور حکومت میں ‘‘ملکیت’’ یا اجارہ داری ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس، سماج وادی پارٹی، ڈی ایم کے اور ان جیسی کئی دوسری پارٹیاں اس کی مثالیں ہیں۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ وہ کسی کا نام نہیں لینا چاہتے لیکن کئی پارٹیوں کو دیکھ کر خاندان پرستی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ یہ جمہوریت اور ملک کے لیے زہر ہے ۔ اس نظام میں متعلقہ فریق کا کوئی دوسرا فرد آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ریاست میں قیادت کے تعلق سے صورتحال کو واضح کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان ابھی وزیر اعلیٰ ہیں۔ اسمبلی انتخابات کے بعد کیا کرنا ہے ، پارٹی کے بارے میں پارٹی کو فیصلہ کرنا ہے ۔انہوں نے سوال کرنے والے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا کام پارٹی کو کرنے دیں، آپ مت کیجئے ۔ اس تقریب میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما اور ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا بھی موجود تھے ۔