اقلیتوں میں ایک لاکھ روپئے امدادی چیکس کی 16 اگسٹ کو اسمبلی حلقہ جات میں تقسیم

   

Ferty9 Clinic

7 ہزار ائمہ اور مؤذنین کی درخواستوں کو منظوری، قبرستانوں کیلئے 125 ایکر اراضی الاٹ، امدادی اسکیم کیلئے مزید 130 کروڑ کی اجرائی
انیس الغرباء کا عنقریب افتتاح، وزیر فینانس ہریش راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پہاڑی شریف ریمپ کی جلد تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اقلیتوں سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اسمبلی میں تیقنات کو عملی جامہ پہنانے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزراء ٹی سرینواس یادو، محمد محمود علی، کے ایشور، جی کملاکر، فلور لیڈر مجلس اکبر الدین اویسی، چیف سکریٹری شانتی کماری، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ کے علاوہ اقلیتی بہبود کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے گذشتہ دنوں اسمبلی میں دیئے گئے تیقنات کا جائزہ لیا گیا۔ اقلیتی طبقہ کے افراد کو ایک لاکھ روپئے امدادی اسکیم، اوورسیز اسکالر شپ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالرشپ کے علاوہ قبرستانوں کیلئے اراضیات کی منظوری اور ائمہ و موذنین کے اعزازیہ کے بارے میں چیف منسٹر نے اعلانات کرکے وزیر فینانس کے ساتھ اجلاس میں یکسوئی کی ہدایت دی تھی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں اور دیگر مذاہب کے مساوی ترقی دی جائے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ائمہ وموذنین کی 7 ہزار زیر التواء درخواستوں کی منظوری و میڑچل میں مسلمانوں کے مختلف مسالک کیلئے قبرستانوں کی 125 ایکر اراضی کے الاٹمنٹ سے متعلق احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے زیادہ سے زیادہ اقلیتی افراد کو ایک لاکھ روپئے کی امداد کا تیقن دیا ہے۔ اجلاس میں ایک لاکھ روپئے کی منظوری کے متعلق طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر فینانس نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں ایک لاکھ روپئے امدادی اسکیم پر فوری عمل کیا جائے اور طئے شدہ کوٹہ کے تحت رقم جاری کی جائے۔ ہریش راؤ نے 16 اگسٹ کو تمام اسمبلی حلقوں میں ایک لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم کیلئے پروگرام منعقد کریں۔ فینانس سکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ امدادی اسکیم کیلئے 400 کروڑ بجٹ مختص کیا جائے۔ پہلے سے الاٹ 270 کروڑ میں مزید 130 کروڑ کا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر امدادی رقم کی تقسیم کی ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں آبادی کے تناسب سے استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائیگا۔ انہوں نے کم اقلیتی آبادی والے اسمبلی حلقہ جات پر زیادہ توجہ کی ہدایت دی۔ ہریش راؤ نے چیف سکریٹری شانتی کماری کو ہدایت دی کہ بی سی، ایس ٹی اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔ وزراء اور عہدیداروں نے قبرستانوں کیلئے اراضیات اور ائمہ ومؤذنین کے اعزازیہ کی بروقت اجرائی کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ قبرستانوں اور عید گاہوں کیلئے ریاست بھر سے موصولہ درخواستوں کی جلد یکسوئی کی جائے۔ ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ میں عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ بروقت اجرائی کو یقینی بنائیں اور درخواستوں کی جانچ کا کام جاری رکھیں۔ پہاڑی شریف میں درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے ریمپ کی تعمیر، درگاہ حضرت برہنہ شاہؒ کی جائیدادوں کے کرایہ پر نظرثانی، عیسائی قبرستانوں کیلئے اراضی، فیس بازادائیگی، اسکالرشپ، گرانٹ اِن ایڈ اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیر فینانس نے اجلاس میں پیش مسائل کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ زیر التواء کاموں کی تیزی سے تکمیل کی جائے اور ضروری فنڈز کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے۔ شادی مبارک اسکیم پر وزیر فینانس نے درخواستوں کی جانچ اور یکسوئی میں تیزی پیدا کرکے امدادی رقم مستحق خاندانوں کو بروقت جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک کے چیکس کی اجرائی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ اسی دوران وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کی جارہی ہے۔ انیس الغرباء کی عمارت کا عنقریب افتتاح عمل میں آئے گا۔ حج ہاوزکے احاطہ میں موجود زیر تعمیر عمارت کو جلد مکمل کرتے ہوئے قابل استعمال بنایا جائے گا۔