تعلیم اور غذا پر توجہ دینے عہدیداروں کو ہدایت، بانسواڑہ میں اقامتی اسکول کی تقریب سنگ بنیاد سے اسپیکر اسمبلی اور وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد۔/30 مارچ، ( سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کے کوٹاگیری علاقہ میں اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیر کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ حکومت کی جانب سے اقامتی اسکولوں اور کالجس کے لئے سرکاری اراضی پر نئی عمارتیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بانسواڑہ میں 6 کروڑ روپئے سے دو منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے امن و ضبط کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں جرائم کی کثرت تھی لیکن تلنگانہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے علاوہ جرائم میں کمی حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی بانسواڑہ کی ترقی کو دیگر حلقہ جات کیلئے مثالی قرار دیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ بانسواڑہ پہنچنے پر جس والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا وہ دراصل اسپیکر اسمبلی کی مقبولیت اور عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ سرینواس ریڈی نے اپنے حلقہ کے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں کے سی آر حکومت نے ترقی اور فلاح و بہبود کے شعبہ جات میں جو کارنامے انجام دیئے وہ گزشتہ 60 برسوں میں کسی بھی حکومت نے انجام نہیں دیئے تھے۔ قیام تلنگانہ سے آج تک ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کی کم عمر ریاست کے باوجود ملک میں سرفہرست ہے۔ تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کے ذریعہ حکومت نے تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں کا قیام، شادی مبارک، فیس ری ایمبرسمنٹ، اوورسیز اسکالر شپ، رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ اور دیگر اسکیمات کسی اور ریاست میں نہیں ہیں۔ خواتین کو محکمہ پولیس میں 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے تمام اقامتی اسکولوں کے ذمہ داروں کو انتباہ دیا کہ وہ طلبہ کودی جانے والی غذا اور تعلیم میں کوئی کوتاہی نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر پوچارم بھاسکر ریڈی، پوچارم سریندر ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر، پولیس کمشنر ناگراجو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر