جمعیت القریش کے عہدیداروں کی تہنیتی تقریب، وزیر داخلہ محمود علی اور محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی اور سماجی خدمات میں جناب سراج الدین قریشی نے ملک بھر میں مثال قائم کی ہے۔ آل انڈیا جمعیت القریش کے صدر جناب سراج الدین قریشی اور مختلف ریاستوں کے صدور اور عہدیداروں کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلامک کلچرل سنٹر کے صدر کی حیثیت سے جناب سراج الدین قریشی نے تعلیم کے شعبہ میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور خاص طور پر سیول سرویسز کی ٹریننگ میں جناب سراج الدین کی مساعی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی خدمت کو اپنا فرض عین تصور کرنے والے ہمیشہ عوام کے دلوں میں جگہ بناتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ جمعیت القریش کے ذریعہ قریش برادری کی بھلائی اور برادری میں سماجی اصلاح کے کاموں پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں میں ایسے افراد کی ضرورت ہے جو سماج میں انقلابی تبدیلی کے ضامن بن سکتے ہیں۔ آل انڈیا جمعیت القریش کو تلنگانہ میں اپنی خدمات میں توسیع دینی چاہئے ۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم جو جمعیت القریش تلنگانہ کے صدر ہیں، اس موقع پر جناب سراج الدین قریشی کو تہنیت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 برسوں سے سراج الدین قریشی نئی دہلی میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قریش برادری کی ترقی اور انہیں اعلیٰ تعلیم سے جوڑنے کیلئے کئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عصری ٹکنالوجی اور فنی مہارت کیلئے کورسس متعارف کئے گئے ۔ جناب سراج الدین قریشی نے تہنیت کیلئے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ جمعیت القریش کے ذمہ دار متحدہ طورپر سماج کی بھلائی کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔ر