اقلیتوں کی صد فیصد سبسیڈی اسکیم کے چیکس کی تقسیم کی تاریخ تبدیل: اسحق امتیاز

   

حیدرآباد۔13۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے 100 فیصد سبسیڈی اسکیم کے تحت جاری کئے جانے والے ایک لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم جو 16اگسٹ کو منعقد ہونے والی تھی وہ اب 19اگسٹ کو 11بجے دن منعقد کی جائے گی۔ جناب اسحق امتیاز صدرنشین کارپوریشن نے بتایا کہ چیکس کی 19 اگسٹ کو دن میں 11بجے سے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب اسحق امتیاز نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں منتخبہ امیدواروں کو رقومات کے چیکس کی اجرائی کے معاملہ میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے بینک عہدیداروں کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ 17اگسٹ تک تمام چیکس کی تیاری یقینی بناتے ہوئے ضلعی عہدیداروں کو اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو یہ چیکس حوالہ کرنے کے اقدامات کریں تاکہ چیکس کی اجرائی کے معاملہ میں مزید کوئی کوتاہی نہ ہونے پائے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اضافی بجٹ کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں اور ان احکامات کے مطابق کارپوریشن کو یہ رقومات موصول ہوچکی ہیں جو کہ استفادہ کنندگان تک پہنچانے کے لئے چیکس کی تیاری کے عمل میں ہے۔