6 فروری تک آن لائین درخواستوں کا حصول
حیدرآباد ۔18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت ریاست بھر میں اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے آج سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی عائشہ مسرت خانم آئی اے ایس نے بتایا کہ 6 فروری تک اقامتی اسکول سوسائٹی کے ویب سائیٹ پر آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ www.tmreistelangana.cgg.gov.in اس کے علاوہ ٹمریز کے موبائیل ایپ پر اقلیتی طبقات کے اہل امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 204 اقامتی اسکولوں اور 194 جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ اقامتی اسکولوں میں پانچویں جماعت میں داخلے کے علاوہ چھٹویں تا آٹھویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں پر داخلے کئے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلوں کیلئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں۔ اسی دوران اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج گرلز چندرائن گٹہ کی پرنسپل ایس لاونیا ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کا اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں داخلہ دلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹر فرسٹ ایئر میں ایم پی سی اور بائی پی سی کورسس میں داخلہ کی گنجائش ہے۔ نئے داخلوں کے علاوہ چھٹویں تا آٹھویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں پر تعلیمی سال 2024-25 کے لئے داخلے دیئے جائیں گے۔ اقلیتی امیدواروں کا پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر انتخاب ہوگا جبکہ غیر اقلیتی طلبہ کا انتخاب ڈرا کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ داخلوں کے خواہشمند طلبہ اور سرپرست ریاست کے کسی بھی اقامتی اسکول یا جونیئر کالج سے رجوع ہوسکتے ہیں جہاں آن لائین درخواست فارم کے ادخال کی سہولت رہے گی۔ کسی بھی انٹرنیٹ سنٹر سے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے چندرائن گٹہ گرلز 1 سے فون نمبر 7995057965 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ 1