چیف سکریٹری کے ساتھ ریاستی وزیر لکشمن کمار کا جائزہ اجلاس، عنقریب دورہ دہلی کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست (سیاست نیوز)وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں مرکز سے تلنگانہ کی اسکیمات کیلئے فنڈس کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی وزارت سماجی بھلائی کی جانب سے تلنگانہ میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر اور دیگر اسکیمات کیلئے فنڈس فراہم کئے جاتے ہیں۔ ریاستی و مرکزی حکومت کی حصہ داری سے تعمیری کام مکمل کئے جاتے ہیں۔ فنڈس کی اجرائی کیلئے مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ جامع رپورٹ تیار کریں۔ وزیر لکشمن کمار نے کہا کہ سابق حکومت نے مرکزی فنڈس کیلئے توجہ نہیں کی جس سے کئی پراجکٹس زیر التواء ہیں ۔ غریبوں کی بھلائی کی اسکیمات پر عمل مؤخر ہوچکا ہے۔ لکشمن کمار نے کہا کہ وزارت ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وہ ہر محکمہ کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی بہبود کے اقامتی اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں صحت بخش غذا کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور حکومت فنڈس جاری کرے گی ۔ وزیر جلد نئی دہلی کا دورہ کرکے مرکز کو وصول طلب فنڈس کیلئے نمائندگی کریں گے۔1