حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اقلیتی اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس میں داخلوں کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے ۔ اقامتی اسکول اور جونیئر کالج بہادر پورہ بوائز 1 واقع الجبیل کالونی فلک نما کے پرنسپل محمد جواد مدنی نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مسلم اقلیت کے طلبہ کے لئے پانچویں اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اقامتی اسکولوں میں قابل اور ماہر اساتذہ کی نگرانی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ قیام و طعام کی بہتر سہولتیں حاصل ہیں۔ تلنگانہ میں 204 سے زائد اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس موجود ہیں اور حکومت جونیئر کالجس کو ڈگری کالجس میں اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اقامتی اسکول اور جونیئر کالج بہادر پورہ بوائز 1 کے تعلیمی نتائج متاثر کن رہے۔ اسپورٹس میں بھی یہاں کے طلبہ نے نمایاں مظاہرہ کیا۔ پرانے شہر کے اقلیتی خاندانوں کو انگلش میڈیم اسکولس میں بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے ہزاروں روپئے خرچ کرنے پڑتے ہیں لیکن حکومت نے اقامتی اسکولوں میں کارپوریٹ اداروں کی طرح قابل اور ماہر اساتذہ اور لکچررس کا تقرر کیا ہے۔ طلبہ کو یونیفارم ، نوٹ بکس اور ٹسٹ بکس کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ جونیئر کالج میں ایم پی سی اور بائی پی سی کورسس کا انتظام ہے۔ فلک نما اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے اقلیتی خاندانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اقامتی اسکولوں میں داخلہ دلائیں۔ اس سلسلہ میں مز ید تفصیلات فون نمبر 7989234436 سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ 1