اقلیتی اقامتی جونیر کالجس کے طلبہ کولاء کورسیس میں کوچنگ

   

پروفیسر جی ونود کمار کی بی شفیع اللہ سے ملاقات
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ سوسائٹی نے طلبہ کیلئے لیگل ایجوکیشن کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مسابقتی امتحانات لاء سیٹ اور CLAT کیلئے کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ پروفیسر جی ونود کمار ڈین فیکلٹی آف لاء عثمانیہ یونیورسٹی نے آج بی شفیع اللہ سے ملاقات کی اور ٹمریز کے جونیر کالجس میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کیلئے کوچنگ کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ 204 اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس سوسائٹی کے تحت ہیں جن میں 12 ووکیشنل کالجس ہیں۔ سوسائٹی کے 8 سنٹر آف ایکسلینس ہیں جہاں آئی آئی ٹی، نیٹ، این ڈی اے اور سی اے فاؤنڈیشن کورسیس کی کوچنگ دی جاتی ہے۔ سنٹر آف ایکسلینس کے بہتر نتائج کو دیکھتے ہوئے لیگل ایجوکیشن سے متعلق کورسیس میں کوچنگ کا فیصلہ کیا گیا تاکہ امیدوار لاء یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کرسکیں۔ پروفیسر جی ونود کمار نے اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے مسابقتی انٹرنس امتحانات کے بہتر نتائج پر مسرت کا اظہار کیا اور لاء کوچنگ میں یونیورسٹی کی جانب سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ جونیر کالجس کے طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے لیگل ایجوکیشن میں داخلہ کی راہ ہموار کی جائے گی۔ر