سی ای ڈی ایم سے ایمسٹ اور ایڈسٹ کی کوچنگ، پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات عثمانیہ یونیورسٹی (سی ای ڈی ایم) کے زیر اہتمام آئی سیٹ کی آن لائین کوچنگ کا آغاز ہوا ہے۔ اقلیتی امیدواروں کو مفت آن لائین کوچنگ فراہم کی جائے گی ۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے کوچنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مینجمنٹ کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں تحقیق ،ترقی اور روزگار کے زائد مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اعلیٰٰ معیاری کالجس میں تعلیم حاصل کی جائیں تو مستقبل سازی میں یہ قابلیت معاون ثابت ہوگی۔ معیاری کالجس میں داخلہ کیلئے بہتر رینک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر رینک حاصل کرنے کیلئے طلبہ کو محنت اور منصوبہ بند تیاری کرنی چاہئے ۔ سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اقلیتی امیدوار سرکاری کالجس میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ سی ای ڈی ایم کے زیر اہتمام نظام کالج سے آن لائین کوچنگ کا آغاز کیا گیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ پر اعتماد رہیں اور احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ خود اعتمادی اور سنجیدگی سے مسابقت میں کامیابی قدم چومے گی۔ آن لائین کوچنگ میں کلاسس کے علاوہ اسٹڈی مٹیریل فراہم کیا جارہا ہے۔ ایمسٹ اور ایڈ سیٹ کیلئے بھی آن لائین کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ امیدوار آن لائین کوچنگ اور دیگر معلومات کیلئے ویب سائیٹ tscedm.com سے استفادہ کرسکتے ہیں اور آن لائین رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔