اقلیتی بہبود کی ابتر صورتحال کا معاملہ چیف منسٹر اور وزیر فینانس سے رجوع

   

حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ اقلیتی بہبود اور اس کی اسکیمات کے ٹھپ ہوجانے کا معاملہ آخر کار وزیر فینانس ہریش راؤ سے رجوع کردیا گیا ہے۔ روز نامہ ’سیاست‘ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے بارے میں رپورٹ کی اشاعت کے فوری بعد عہدیدار حرکت میں آگئے اور معاملہ کو چیف منسٹر کے علم میں لایا گیا جبکہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ پہنچ کر وزیر فینانس سے ملاقات کی اور اقلیتی اسکیمات کیلئے بجٹ کی اجرائی کی درخواست کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کے دفتر سے ربط قائم کر کے اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر چیف منسٹر کی توجہ کی درخواست کی۔ دوسری طرف شہر اور اضلاع کے ٹی آر ایس اقلیتی قائدین نے متعلقہ وزراء اور ارکان اسمبلی کو اقلیتی بہبود کی ابتر صورتحال سے واقف کرایا بتایا جاتا ہے کہ ہریش راؤ نے محمد محمود علی کو تیقن دیا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی سبسیڈی اسکیم کیلئے مختص 50 کروڑ جلد جاری کئے جائیں گے جبکہ دیگر اسکیمات کیلئے درکار بجٹ جاری کرنے کی ہدایت دینے کا تیقن دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے روز نامہ ’سیاست‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی عدم کارکردگی سے نہ صرف پارٹی کیڈر بلکہ عام مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اب جبکہ عام انتخابات قریب ہیں ایسے میں مسلمانوں کو اعتماد میں لینے کیلئے حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ اسکیمات پر عمل آوری کے متاثر ہونے کا فائدہ اپوزیشن جماعتیں اٹھاسکتی ہیں اور مسلمان جوکہ گذشتہ دو انتخابات میں ٹی آر ایس کے ساتھ رہے وہ منقسم ہوجائیں گے۔ تلنگانہ میں کئی اہم مسائل ایسے ہیں جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے جن میں 4 فیصد مسلم تحفظات کی سپریم کورٹ میں موثر پیروی، اسکالر شپ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور اوورسیز اسکالر شپ اسکیم شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے کئی اہم پراجکٹس کا اعلان کیا گیا تھا جن پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ حیدرآباد میں اسلامک کلچرل سنٹر، درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کیلئے 50 کروڑ کا ترقیاتی منصوبہ اور اجمیر میں رباط کی تعمیر جیسے وعدے پورے نہیں ہوئے۔ وزیر فینانس سے خواہش کی گئی کہ وہ کم از کم اسکیمات کیلئے ضروری بجٹ کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر فینانس نے چیف منسٹر سے مشاورت کا تیقن دیا جبکہ وزیر داخلہ بھی چیف منسٹر سے ملاقات کی تیاری کررہے ہیں۔ر