اسکالر شپ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور اوورسیز اسکالر شپ کا بجٹ شامل، ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے 17 کروڑ کی منظوری، سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکامات
حیدرآباد۔/2اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے مالیاتی سال 2023-24 بجٹ سے دوسرے سہ ماہی کے تحت 194 کروڑ 88 لاکھ 6 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اسکیمات کی تفصیلات کے ساتھ جی او آر ٹی 84 جاری کیا۔ حکومت نے تعلیمی سال 2022-23 کے زیر التواء اسکالرشپ، فیس بازادائیگی اور اوورسیز اسکالر شپ اسکیم 2021 اسپرنگ کے پہلی اور دوسری اقساط کی اجرائی کیلئے بجٹ مختص کیا ہے۔ ٹریننگ ایمپلائمنٹ برائے اقلیتی امیدواروں کی اسکیم کیلئے بجٹ میں 3 کروڑ 78 لاکھ مختص کئے گئے جن میں سے 94.7 لاکھ کی اجرائی پہلے عمل میں آچکی ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں مزید 94.7 لاکھ جاری کئے گئے۔ مذکورہ اسکیم کے تحت 1.89 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے بجٹ میں 150 کروڑ کی گنجائش فراہم کی گئی تھی جس میں پہلے مرحلہ میں 37.50 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 37.50 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ اسکیم کیلئے مزید 75 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ویلفیر اسکیمات پر عمل آوری کیلئے بجٹ میں مختص کردہ 120 کروڑ میں سے 30 کروڑ جاری کئے گئے۔ پہلے مرحلہ میں 30 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی تھی لہذا مزید 60 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ سرکاری ہاسٹلس کیلئے بجٹ میں ایک کروڑ 65 لاکھ مختص کئے گئے جس میں 41.25 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی جبکہ مساوی رقم پہلے ہی جاری ہوچکی ہے۔ اقلیتی طلبہ کے ہاسٹلس کی نگہداشت کیلئے 1.92 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی۔ اسکالر شپ برائے اقلیتی طلبہ کے تحت بجٹ میں 70.80 کروڑ مختص کئے گئے جس میں سے 17.70 کروڑ جاری کئے گئے۔ پہلے سہ ماہی میں 17.70 کروڑ جاری کئے گئے لہذا مزید 35.40 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ فیس بازادائیگی اسکیم کیلئے 236 کروڑ کے منجملہ 59 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ پہلے سہ ماہی میں 59 کروڑ کی اجرائی کے بعد مزید 118 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کیلئے 2.5 کروڑ کے منجملہ 62.5 کروڑ جاری کئے گئے۔ چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے بجٹ میں 118 کروڑ مختص کئے گئے جس میں سے 29.70 کروڑ دوسرے سہ ماہی کے تحت مختص کئے گئے جبکہ پہلے سہ ماہی میں 29.70 کروڑ جاری کئے گئے تھے اور مزید 58.79 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کیلئے دو مراحل میں ایک کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی اور مزید ایک کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ اردو اکیڈیمی کی امداد کے طور پر دو سہ ماہی میں فی کس 29.25 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی مزید 58.5 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کو ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے بجٹ میں 68 کروڑ مختص کئے گئے تھے اور دو مراحل میں فی کس 17 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی اور مزید 34 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ سروے کمشنر وقف کیلئے بجٹ میں مختص کردہ 18.38 لاکھ میں دو سہ ماہی کے تحت فی کس 4.59 لاکھ جاری کئے گئے مزید 9.2 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ سنٹر فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز ( سی ای ڈی ایم ) کیلئے بجٹ میں مختص کردہ 2 کروڑ میں ایک کروڑ جاری کئے گئے۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی مرمت اور مینٹننس کیلئے2.5 کروڑ کے منجملہ دو مراحل میں فی کس 62.5 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی مزید 1.2 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ دوسرے سہ ماہی کے مجموعی بجٹ 778.90 کروڑ میں 194.88 کروڑ جاری کئے گئے مزید 389.14 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ جی او میں کمشنر اقلیتی بہبود کو منظورہ رقم اسکیمات کیلئے جاری کرنے کا مجاز قرار دیا گیا ہے۔
