نو منتخب رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی کا اعتراف، محمد سلیم نے مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے نو منتخب رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی نے منوگوڑ کے اقلیتی رائے دہندوں اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والے ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا جن کی محنت کے نتیجہ میں ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی۔ پربھاکر ریڈی نے آج رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم سے ملاقات کے دوران اقلیتی قائدین کی مہم پر اظہار تشکر کیا ۔ محمد سلیم نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی ، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور دیگر عوامی نمائندوں کی موجودگی میں نو منتخب رکن اسمبلی کو مبارکباد پیش کی اور ان کی تہنیت کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی ہدایت پر انہوں نے کئی منڈلوں میں انتخابی مہم میں حصہ لیا اور گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ اقلیتی رائے دہندوں کی اکثریتی نے ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا ہے۔ پربھاکر ریڈی نے محمد سلیم کو یقین دلایا کہ وہ حلقہ میں تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے اقدامات کریں گے اور اقلیتوں کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ عنقریب وہ منوگوڑ کے اقلیتی رائے دہندوں سے ملاقات کیلئے دورہ کریں گے۔ر