آج سے درخو استوں کے ادخال کا آغاز۔ 31 ڈسمبر تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں
سیاست کی خبر کا اثر
حیدرآباد 25 نومبر ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ بالخصوص محکمہ اقلیتی بہبود کی لاپرواہی اور اقلیتوں کے متعلق بے اعتنائی اور اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کی درخواستوں کی عدم وصولی کے سلسلہ میں سیاست نے 23 نومبر منگل خصوصی رپورٹ شائع کی تھی جس میں اقلیتی طلبہ کے ساتھ جانبدارانہ رویہ کی تفصیلات کا انکشاف کرکے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و ای بی سی طلبہ کی اوورسیز اسکالر شپس کی درخواستوں کی وصولی اور اقلیتی طلبہ کی درخواستوں کی عدم وصولی کو منظرعام پر لایا گیا تھا۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد محکمہ کی جانب سے غیر ملکی یونیورسٹیوں میں اسپرنگ و فال سیزن 2021 میں داخلہ لینے والے طلبہ سے درخواستوں کی طلبی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ اعلامیہ کے مطابق 26 نومبر سے درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی اور 31 ڈسمبر 2021 تک وصولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات میں ٹال مٹول اور اقلیتی طلبہ کیلئے نظرانداز والی پالیسی پر سیاست میں خبرمیں سال گذشتہ کی اسکالر شپس رقومات کی عدم اجرائی کا تذکرہ موجود ہے۔ طلبہ ویب سائیٹ
www.telanganaepass.cgg.gov.in
پر درخواستیں اور اسنادات وغیرہ داخل کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم میں وہ طلبہ درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں جنہوں نے امریکہ ‘ لندن‘ آسٹریلیاء‘ کینیڈا ‘ سنگاپور‘ جرمنی‘ نیوزی لینڈ ‘ جاپان ‘ فرانس و جنوبی کوریا کی یونیورسٹیوں میں پوسٹ گریجویشن یا ڈاکٹوریل داخلہ لیا ہو۔ درخواست گذار کے خاندان کی آمدنی سالانہ 5لاکھ روپئے سے کم ہونی چاہئے ۔ اسکالر شپ خاندان میں ایک طالب علم کو دی جاتی ہے۔ درخواست گذار کو گریجویشن میں 60 فیصد نشانات لازمی GRE/GMAT و انگریزی میں مہارت لازمی ہے۔م