اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم پر عمل آوری 30 مارچ کو ریاستی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس

   

حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم پر عمل آوری کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل ہوچکی ہے۔ اقلیتی بہبود کی سلیکشن کمیٹی نے ڈآئرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں 248 طلبہ کا اسکیم کیلئے انتخاب کیا۔ ریاستی سطح کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 30 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں فہرست کو منظوری دے دی جائے گی۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ کمیٹی کی منظوری کے بعد فہرست جاری کردی جائے گی اور اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ فال سیزن 2018 ء کے لئے جملہ 411 درخواستیں داخل کی گئی تھیں ، جن میں 248 کو اہل قرار دیا گیا ہے ۔ اسپرنگ سیزن میں 252 طلبہ کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ منتخب 248 طلبہ میں 217 کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے جبکہ کرسچن 28 ، سکھ 4 اور جین طبقہ کے ایک امیدوار کو منتخب قرار دیا گیا ۔ سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد فہرست آن لائین جاری کردی جائے گی ۔ امیدواروں کے انتخاب کے لئے کم از کم 60 فیصد نشانات کی شرط رکھی گئی تھی ۔ تاہم منتخب طلبہ کا فیصد 92 سے 62 فیصد تک رہا ۔ اسکیم کے تحت امیدواروں کو 20 لاکھ روپئے اسکالرشپ اور یکطرفہ فضائی کرایہ ادا کیا جاتا ہے ۔