انجینئرنگ کالجس میں نشستوں میں اضافہ اور نئے لاء کالج کی منظوری، تقریب سے محمد علی شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس حکومت اقلیتی اداروں کی ہر ممکن مدد کرتے ہوئے انہیں مستحکم کرے گی اور اقلیتی پروفیشنل کالجس کے فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات جلد جاری کئے جائیں گے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے اقلیتی تعلیمی اداروں کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں اقلیتی اداروں کو دی گئی سہولتوں پر اظہار تشکر کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا گیا جنہوں نے اقلیتی کالجس کو ڈگری آن لائن سرویس تلنگانہ (DOST) سے مستثنیٰ قرار دیا اور پیشہ ورانہ کالجس میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ محمد علی شبیر نے سابق بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے مسائل کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقلیتی کالجس میں کسی شرط کے بغیر ہی 120 نشستوں کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ DOST سسٹم کے بغیر داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے اسکالر شپ کی منظوری کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق اقلیتی طلبہ کیلئے اسکالر شپ ان کا دستوری حق ہے۔ فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات کے مسئلہ پر محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر کالجس کے انتظامیہ سے مذاکرات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے 2 لاکھ روپئے تک کہ قرض معافی اسکیم کی تکمیل کے بعد چیف منسٹر فیس ری ایمبرسمنٹ مسئلہ کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے تقریباً 75 فیصد بقایا جات ستمبرکے پہلے ہفتہ میں جاری کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر فیس ری ایمبرسمنٹ کے بلز کی ہر سال گرین چینل کے ذریعہ اجرائی کے حق میں ہیں تاکہ طلبہ اور کالجس کو دشواری نہ ہو۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت نے 6 اقلیتی میڈیکل کالجس کی منظوری دی تھی جن میں صد فیصد اقلیتوں کے داخلے کی گنجائش رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں 850 جونیر کالجس، 350 ڈگری کالجس ، 150 پوسٹ گریجویٹ کالجس اور سینکڑوں انجینئرنگ، فارمیسی اور ووکیشنل کالجس بند ہوچکے ہیں ان میں 80 فیصد اقلیتی کالجس ہیں۔ نواب محبوب عالم خاں اعزازی سکریٹری انوارالعلوم، فادر راجو صدرنشین لویولا کالج، ظفر جاوید صدرنشین سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی، غوث محی الدین صدرنشین آزاد گروپ، شاہ عالم رسول خاں صدر نشین شاداں گروپ اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ شاداں گروپ کو حکومت نے حال ہی میں نئے لاء کالج کے قیام کی منظوری دی ہے اور انجینئرنگ کی نشستوں میں اضافہ کیا ہے۔1