اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی اسکیمات ٹھپ

   

عنقریب نئی اسکیمات شروع کرنے چیرمین کارپوریشن کا عزم
حیدرآباد۔9۔نومبر۔(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کے ادارہ تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات ٹھپ ہونے کی وجہ سے مسلم نوجوانوں میں مایوسی پائی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ لاکھوں درخواستوں کی وصولی کے باوجود قرض کی عدم اجرائی اور ڈرائیور کم اونر اسکیم کو بند رکھے جانے کے سبب نوجوانو ںکو روزگار سے مربوط ہونے میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔ ریاستی حکومت نے ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے اور انہیں خود روزگار اسکیمات کے لئے قرض جاری کرنے کا اختیار دیا ہوا ہے لیکن کارپوریشن کے اختیارات عہدیداروں کے درمیان جاری رسہ کشی کے درمیان مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے جناب اسحق امتیاز کو صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نامزد کئے جانے کے بعد توقع کی جار ہی تھی کہ کارپوریشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن صدرنشین کی نامزدگی کے کئی ماہ بعد بھی کسی نئی اسکیم کا یا جو اسکیمیں چلائی جاتی ہیں ان کا احیاء عمل میں نہیں لایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کی ناتجربہ کاری کارپوریشن کی کارکردگی کو متاثر کرنے کا سبب بن رہی ہے اور یہاں بھی مستقل عہدیدار نہ ہونے کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ صدرنشین جناب اسحق امتیاز سے نئی اسکیمات یا اسکیموں کے احیاء کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ جلد ہی اسکیموں کو شروع کردیا جائے گاجبکہ عہدیدار یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس راست قرضہ جات یا بینک سے مربوط قرضہ جات کے لئے سبسیڈی رقم جاری کرنے کے لئے بھی کوئی بجٹ فی الحال نہیں ہے اور بجٹ نہ ہونے کے سبب وہ اسکیمات کے احیاء سے قاصر ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کارپوریشن کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کو اسکیمات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے لئے مکتوب روانہ کیا گیا تھا لیکن تاحال ان رہنمایانہ خطوط کو محکمہ اقلیتی بہبود میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں نے منظوری نہیں دی جس کے نتیجہ میں جن اسکیمات کا اعلان کیا گیا تھا ان پر بھی عمل آوری کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے سلسلہ میں اسکیم شروع کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا ہے اور اس اسکیم میں کئی کورسس کو منظوری فراہم کی گئی ہے لیکن اس اسکیم سے زیادہ اہمیت کی حامل ڈرائیور کم اونر کے علاوہ راست اور بینک سے مربوط قرضہ جات کی اسکیمات ہیں جنہیں فوری طور پر شروع کیا جانا ضروری ہے۔م