ہریش راؤ اور فاروق حسین کی مساعی، اولیائے طلبہ قدیم جامعہ عثمانیہ کی مہم
حیدرآباد: وزیر فینانس ہریش راؤ اور رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کو فہرست رائے دہندگان میں شامل کرانے کیلئے باقاعدہ مہم کی ضرورت ظاہر کی ہے ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر کے علاوہ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی قانون ساز کونسل کی نشستوں پر عنقریب انتخابات ہوں گے ۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر ہے۔ ہریش راؤ اور فاروق حسین نے بزم طلباء قدیم جامعہ عثمانیہ کے صدر شیخ احمد ایاز سے خواہش کی کہ وہ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں موجود گریجویٹس میں تحریک کا آغاز کریں تاکہ کونسل کے انتخابات میں اقلیتی رائے دہندے اہم رول ادا کرسکیں۔ صدر بزم طلباء قدیم جامعہ عثمانیہ نے حیدرآباد میں موجود اضلاع سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس سے اپیل کی کہ نہ صرف وہ بلکہ اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی ترغیب دیں۔ کونسل کے انتخابات میں سیکولر پارٹی کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے سیکولر اور رواداری کے اقدار کا تحفظ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں ووٹ کے استعمال میں کوتاہی کے سبب فرقہ پرست طاقتوں کو استحکام حاصل ہوا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی اور کاکتیہ یونیورسٹی کے فارغ گریجویٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے بڑھتے قدم پر روک لگائیں تاکہ ٹی آر ایس کی سیکولر قیادت مضبوط ہوسکیں۔ شیخ احمد ایاز نے کہا کہ ناموں کی شمولیت کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر ہے اور گریجویٹس شخصی طور پر دفتر تحصیلدار یا پھر ویب سائیٹ www.ceotelangana.nic.in پر اپنا نام رجسٹر کراسکتے ہیں۔
