سیول سرویسس کیلئے ریاستی سطح کے انسٹی ٹیوٹ کی تجویز، 33 ویمنس اقامتی ڈگری کالجس، جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد۔/6جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیت اور دیگر طبقات کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے 33 اضلاع میں 132 اسٹڈی سرکل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کیلئے ہر ضلع میں ایک اسٹڈی سرکل ہوگا جہاں مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کے علاوہ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اسٹڈی سرکل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ملازمتوں پر تقررات سے متعلق جاری ہونے والے اعلامیہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اسٹڈی سرکلس امیدواروں کو تربیت اور رہنمائی کا کام انجام دیں گے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں دسویں جماعت تک کے تمام اقامتی اسکولوں کو جونیر کالجس میں اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاریہ تعلیمی سال سے انٹر میڈیٹ تعلیم کے آغاز کی ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں بہتر روزگار کی فراہمی حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹڈی سرکلس ریکروٹمنٹ مراکز کی طرح کام کریں۔ نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکزی حکومت کی جانب سے تقررات کے سلسلہ میں اسٹڈی سرکل رہنمائی کریں۔ چیف منسٹر نے اسٹڈی سرکلس میں قابل اور ماہر عہدیداروں کی تعیناتی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کے علاوہ خانگی شعبہ جات میں روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے نتیجہ میں اقامتی اسکولوں کے نتائج شاندار رہے۔ انہوں نے کہا کہ کستوربا گاندھی اسکولوں میں بھی انٹر میڈیٹ تعلیم کا آغاز کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 33 بی سی ویمنس ڈگری کالجس قائم کئے جائیں گے۔ جاریہ تعلیمی سال سے ڈگری کالجس کے آغاز کی ہدایت دی گئی ہے۔ آئندہ تعلیمی سال مزید 17 ڈگری کالجس قائم کئے جائیں گے۔ ہر ضلع میں بی سی طالبات کیلئے اقامتی ڈگری کالجس کا قیام حکومت کا مقصد ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، گروپ I اور مرکزی حکومت کے روزگار پر مبنی امتحانات میں کوچنگ کیلئے آل انڈیا سرویسس اسٹڈی سرکل آف تلنگانہ اسٹیٹ کے قیام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ حیدرآباد میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کیلئے ایک، ایک اسٹڈی سرکل قائم کیا جائے گا۔ ر