ہم مشکل وقت میں مثبت رول ادا کرسکتے ہیں۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر جئے شنکر کا خطاب
نئی دہلی ۔ 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی ایک منتخبہ نشست کے حصول کیلئے اپنی مہم کی ترجیحات کو واضح کردیا ہے ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کورونا وائرس کی وباء اور اس کے معاشی منفی اثرات کے دور میں ایک مثبت عالمی رول ادا کرسکتا ہے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی منتخبہ نشست کے حصول کیلئے ہندوستان کی مہم کی ترجیحات پر منعقدہ تقریب میں ایک بروشر کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ہندوستان 17 جون سے یہ مہم شروع کرنے والا ہے ۔ وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چونکہ سارے ایشیا پیسیفک گروپ سے ہندوستان واحد امیدوار کے طور پر ابھرا ہے ایسے میں ہندوستان کی مہم کامیاب ہوسکتی ہے ۔ اگر ہندوستان منتخب ہوجاتا ہے تو وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی آٹھویں معیاد ہوسکتی ہے اور یہ دو سالہ معیاد جنوری 2021 سے شروع ہوسکتی ہے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ آحری مرتبہ سلامتی کونسل کیلئے منتخب ہوکر ہندوستان کو دس سال کا عرصہ گذر چکا ہے ۔ بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے ہم کو چار بہت مختلف چیلنجس کا سامنا ہے ۔ موجودہ انتہائی غیر معمولی صورتحال میں ہندوستان ایک مثبت عالمی رول ادا کرسکتا ہے ۔
ساری دنیا کو اب کورونا وائرس کی وباء کے علاوہ اس کے سنگین معاشی اثرات کا بھی سامنا ہے اور اس سے دنیا کو ایک سخت امتحان سے گذرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ ایک واجبی آواز اٹھائی ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کا پابند رہا ہے ۔ ہندوستان نے عالمی مسائل سے نمٹنے میں ہمیشہ مذاکرات ‘ مصالحت اور واجبیت پر زور دیا ہے ۔ قانون کی پابندی کرنے والی ایک جمہوریت اور دنیا کے عوام کی سلامتی کیلئے مثبت رول ہی ادا کرتا رہا ہے ۔ ہندوستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے انتخاب کی صورت میں اپنے شریک ممالک کیساتھ تعمیری رول ادا کریگا۔ہندوستان نئی اختراع اور سب کو ذہن میں رکھ کر مسائل کا حل دریافت کرنے کی کوشش کریگا ۔ ہندوستان ترقی پذیر ممالاک کی کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے میں مدد کریگا اور ترقی پر توجہ مرکوز کرنے میں حصہ داری ادا کریگا ۔اس عمل میں نوجوانوں اور خواتین کے وسیع تر رول پر بھی زور دے گا ۔