اقوام متحدہ لیڈر ماریا اسپینوسا کا دورۂ پاکستان

   

اقوام متحدہ 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کی صدر ماریا فرنانڈا اسپینوسا آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرینگی تاکہ اس ملک کے ساتھ اقوام متحدہ کے تعلقات کو مستحکم بنایا جاسکے ۔ ایسپینوسا 18 تا 22 جنوری پاکستان کا دورہ کریں گی۔ یہ دورہ وہ حکومت پاکستان کی دعوت پر کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ترجمان نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ ماہ ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا یہ ایشیا پسیفک علاقہ کا اولین دورہ ہوگا ۔ اسپینوسا ایکویڈور کی سابق وزیر خارجہ ہیں اور جون میں انہیں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی 73 ویں صدر منتخب کیا گیا۔

امریکی بحریہ کے سربراہ کا دورۂ چین
واشنگٹن 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی بحریہ کے سربراہ آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ چینی بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کریں گے اور دونوں ملکوں کے مابین جاری تجارتی کشیدگی کے دوران فوجی خطرات کو کم سے کم کرنے پر بات چیت کریں گے۔ کہا گیا ہے کہ بحری اسٹاف کے سربراہ ایڈمیرل جان رچرڈسن 13 تا 16 جنوری چین کا دورہ کریں گے ۔ یہاں وہ چینی بحریہ کے سربراہ اڈمیرل شین جن لون سے ملاقات کریں گے۔ رچرڈسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین معمول کے مطابق تبادلہ خیال ضروری ہے ۔