اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل چل بسے

   

Ferty9 Clinic

اقوام متحدہ، 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سابق سربراہ جیویئر پیریز ڈی کیولر کا پیرو میں انتقال ہو گیا ہے ۔مسٹر کیولر کا ان کے ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں چہارشنبہ کو انتقال ہوا۔ وہ 100 ویں برس کے تھے ۔ وہ اقوام متحدہ کے پانچویں سیکرٹری جنرل تھے ۔ انہوں نے 1982سے 1991تک دو بار اپنی خدمات انجام دیں۔ مسٹر کیولر کی پیدائش 19 جنوری 1920 کو ہوئی تھی۔ وہ 1944 میں اپنے ملک کی خارجہ سروس سے منسلک ہوئے اور انہوں نے سوئٹزرلینڈ، سوویت یونین، پولینڈ اور ونیزویلا میں اپنے ملک کے سفیر کے طور پر کام کیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پہلے سیشن 1946 میں وہ پیرو کے وفد کا حصہ تھے اور 1971 میں انہیں اقوام متحدہ میں پیرو کا مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا۔ انہوں نے جنرل اسمبلی میں 1975 تک اپنے ملک کے وفد کی قیادت کی اور 1973 اور 1974 میں سلامتی کونسل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ جولائی 1974 میں ترکی کی افواج نے جب قبرص کے جزیرے پر حملہ کر دیا تھا تو اس وقت وہ سلامتی کونسل کے صدر تھے ۔ وہ 18 ستمبر 1975 کو قبرص میں سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کے طور پر مقرر ہوئے جس کے بعد 1977 میں وہ پیرو کی خارجہ سروس میں دوبارہ شامل ہو گئے۔