خرطوم ، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے سابق صدر عمر البشیر کو اگلے ہفتے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہیں دو ماہ پہلے اپریل میں فوج نے اقتدار سے علیحدہ کردیا تھا۔ سوڈان کے قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل الولید سید احمد کے مطابق، عمر البشیر کو بد عنوانی اور غیر ملکی کرنسی کے ذخائر رکھنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ سوڈان میں حکمران فوجی کونسل اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی جاری ہے، اور کئی شہریوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فوج اقتدار سولین حکومت کے حوالے کرے۔
