یروشلم : قابض اسرائیلی افواج نے الخلیل شہر کے مختلف حصوں میں ایک مکان اور پانی کے کنویں کو مسمار کر دیا۔ خبرساں اداروں کے مطابق 105دونم رقبے پرکھدائی شروع کرکے راستے میں آنے والے گھر منہدم کردیے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے الخلیل کے جنوب میں ابو خشبہ میں 60 مربع میٹر پر بنے مکان اور عادل اسماعیل ابراہیم ابو ترکی کے پانی کے کنویں کو مسمار کر دیا۔ اس مکان میں 13 افراد رہتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اردگرد کی زمینوں میں کھدائی بھی کی۔فلسطین میں یہودی بستیوں اور نسلی دیوار کے خلاف مزاحمت کے لیے عوامی اور قومی کمیٹیوں کے نگران راتب جبور نے بتایا کہ قابض افواج نے جنوب میں مسافر یطا کے گاؤں ام الخیر میں فتح صدرا کے علاقے میں شہریوں کی 60 دونم اراضی مسمار کر دی۔ یہ اراضی الخلیل میں رہائش پذیر محمد کے خاندان کی بتائی جاتی ہے۔قابض فورسز نے شالالدہ خاندان کی ملکیت شمال مشرقی الخلیل میں 5دونم اراضی کی کھدائی بھی شروع کررکھی ہے۔ واضح رہے کہ صہیونی فوج اور بلدیہ کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری منصوبوں کے تحت فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی مہم زور شور سے جاری ہے۔