ریاض : سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ الدرعیہ منصوبہ سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کا نیوم ، بحیرہ احمر،قدیہ اور روشن کے بعد پانچواں بڑا منصوبہ ہوگا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ الدرعیہ ایک منفرد منصوبہ ہے،یہ امتیازی ثقافتی ، تاریخی اور سیاحتی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔2017ء میں ایک شاہی فرمان کے ذریعہ الدرعیہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی تھی۔اس کا مقصد الدرعیہ کی تاریخ اور ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔اتھارٹی الدرعیہ کمیونٹی کو شہری خدمات مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اورسرکاری سرمایہ کاری فنڈ کو الدرعیہ منصوبے کو پایہ تکمیل کو پہنچانے کیلئے مکمل معاونت مہیا کرے گی تاکہ اس کو دنیا کے معروف سیاحتی مقامات میں سے ایک بنایا جاسکے۔ایس پی اے کے مطابق الدرعیہ ایسے گیگا منصوبے پی آئی ایف کی سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو ترقی دینے کی مجموعی حکمت عملی کا بنیادی ستون ہیں۔اس کے تحت نئے شعبے کھولے جارہے ہیں تاکہ اقتصادی ترقی کومہمیز دی جاسکے اور سعودی عرب کی معیشت کومتنوع بنانے میں مدد مل سکے۔ان کا ایک اور مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔