السنوار کا جانشین کون؟

   

بیروت: اسرائیل کی جانب سے حماس کے سربراہ یحیی السنوار کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد اب یہ بنیادی سوال سامنے آ رہا ہے کہ تنظیم کی سربراہی کے لیے السنوار کا جاں نشیں کون ہو گا !السنوار کی موت نے مجموعی حیثیت سے حماس کے مستقبل اور غزہ کی جنگ کے انجام پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔یحیی السنوار فلسطینی تنظیم حماس کے طاقتور ترین شخص اور 7 اکتوبر حملے کے منصوبہ ساز تھے۔ السنوار کی موت نے حماس میں ایسا خلا چھوڑا ہے جس کا بھرنا آسان نہیں ہو گا۔حماس تنظیم کو اس وقت اپنے نئے سربراہ کے تقرر کے حوالے سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ اسماعیل ہنیہ اور صالح العارودی پہلے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد ضیف اور اس کے نائب مروان عیسی کو بھی قتل کر چکا ہے۔السنوار کی جاں نشینی کے لیے نمایاں ترین ناموں میں خلیل الحیہ کا نام شامل ہے جو حماس کے سیاسی دفتر میں السنوار کے نائب ہیں۔ وہ اس وقت بین الاقوامی وساطت سے اسرائیل کے ساتھ فائر بندی تک پہنچنے کے لیے مذاکرات میں حماس کے وفد کے سربراہ ہیں۔ اسی طرح وہ بیرون ملک حماس کے اتحادیوں کے ساتھ سرکاری ملاقاتوں کا انتظام بھی کرتے ہیں۔