السیسی ۔ عمران بات چیت

   

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فورسز کی مکمل واپسی پر زور دیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ‘عمران خان نے بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کی مکمل واپسی، فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کے طور پر ایک آزاد، فعال اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو’۔عمران خان نے فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت بند کرانے کے لیے مصر اور اس کی قیادت کے اہم کردار کو سراہا۔وزیر اعظم نے بے گناہ فلسطینیوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے فوری اور منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔