اللہ کے ذکر سے فکر کو پاکیزگی ، روح کو تسکین ملتی ہے

   

گلبرگہ میں ماہانہ محفل نعت و حلقہ ذکر کا انعقاد،مختلف شخصیتوں کو تہنیت کی پیشکشی، مقررین کا خطاب

گلبرگہ /12 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خانقاہ فیضانِ حضرت سید جلال الدین حسینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نیو بینک کالونی گلبرگہ میں ماہانہ محفلِ نعت و حلقہ ذکر منعقد ہوا۔ جس کی سرپرستی حضرت سید شاہ خلیل اللہ حسینی نے کی اور نگرانی مولانا سید شاہ حسینی پیراں نے کی۔ محفل میں شہر گلبرگہ کے مشہور و معروف نعت خواں نے شرکت کی اور اپنے منفرد انداز میں ہدیہ نعت پیش کیا جن میں جناب سید طیب علی یعقوبی،انجینئر سید سخی سرمست، سید ندیم اللہ حسینی آرکیٹیکٹ، حافظ وقاری ابوالحسنات سید چندا حسینی بزرگ نعت خواں جناب لیاقت علی جناب عبدالرب مڑکی جناب عثمان صاحب،سید تجمل حسینی صاحب،عبد الرحیم صاحب،ذکوان سہروردی صاحب نے اپنے والد مختار سہروردی صاحب کا لکھا ہوا کلام پیش کیا،سید ندیم اللہ حسینی صاحب ایم بی اے، شامل رہے۔ اس محفل میں شہر گلبرگہ میں مقابلہ حسن قرات ،نعت ،تقریری ،تحریری ،کوئز منعقد کرنے پر ڈاکٹر اصغر چلبل کارگزار صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ کو تہنیت پیش کی گئی اسی طرح سید سخی سرمست کو حسن خدمات پر سبکدوش ہونے پر،مولانا یوسف قریشی کو مقابلے جات کے انعقاد میں ان کی کامیاب مساعی پر،جناب حیدر علی باغبان کو وائس چیئرمین ضلع گلبرگہ منتخب ہونے کے علاوہ سماجی ودینی خدمات انجام دینے پر اور جناب سید طیب علی یعقوبی کو ان منفرد نعت خوانی پر تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر ذکر الہی کی فیضلت وافادیت پر حضرت مولانا سید شاہ مجتبی حسینی برادرزادہ سجادہ نشین آستانہ گلسرم وکرکند شریف نے کہا کہ اللہ کے ذکر سے انسانی اپنی فکر کو پاکیزگی حاصل ہوتی ہے،اللہ تعالیٰ ذاکر کا ذکر فرشتوں کے سامنے فرماتا ہے اور ذکر سے ذات کی محبت مضبوط ہوتی ہے۔ اورذکر انسان کی روح کی غذا ہے ذکر سے انسان کے دل کو سکون ملتا ہے اگر کوئی انسان یہ چاہتا ہے دل کے سب غم دور ہوجائے مصیبت ختم ہوجائے تو اس کو چاہیے کہ وہ تھوڑی دیر بیٹھ کر اللہ کا ذکر کرتے رہے ۔ اس سے دل کو سکون ملتا ہے۔ ڈاکٹر اصغر چلبل نے تقریر میں کہا کہ مجھے اس محفل میں آکر روحانی سکون میسر آیا،نعت خواں حضرات نے اس عمدگی اور عقیدت سے نعتیں پڑھی ہیں کہ میں اپنے آپ کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ پر حاضری کی کیفیت کو محسوس کررہا تھا۔جناب حیدر علی باغبان نے کہا کہ ایسی محفلیں تسلسل کے ساتھ سجتی رہنی چاہئیں اور مسلمان کے ہر گھر میں ایسا ماحول ہونا چاہئے۔ محفل کی کارروائی حافظ محمد مظہر القادری نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ چلائی۔سلام وفاتحہ اور سرپرست محفل کی دعا پرمحفل کا اختتام عمل میں آیا۔محفل میں مولانا محمد عرفان شرفی مولانا شاہ ولی مولانا حافظ عاصم زیان صدیقی ،خواجہ پاشاہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔اختتام پر ڈاکٹر اصغر چلبل نے مقابلے جات میں حکم کے فرائض انجام دینے پر مولانا سید شاہ حسینی پیراں صاحب و مولانا سید شاہ مجتبی حسینی اور سخی سرمست کو حضرت نورالمشائخ کے دست مبارک سے مومنٹو پیش کیا۔