این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس میں اہم عہدوں پر خدمات
حیدرآباد ۔8 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس لیڈر الماس خاں کو تلنگانہ یوتھ کانگریس کا جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے عہدوں کے لئے حال ہی میں انتخابات ہوئے تھے۔ ریاستی جنرل سکریٹری کے عہدہ پر الماس خاں کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا گیا ۔ انڈین یوتھ کانگریس کے نیشنل الیکشن کمیشن نے انتخاب کا اعلان کیا ہے ۔ الماس خاں نے کانگریس قیادت سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ قائدین نے ان پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اہم عہدہ کی ذمہ داری دی ہے ۔ الماس خاں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں یوتھ کانگریس اور کانگریس پارٹی کے استحکام کے لئے مساعی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بی جے پی ، مجلس اور دیگر فرقہ پرست عناصر کے پروپگنڈہ سے دور رکھنے کیلئے وہ مساعی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات اور فرقہ وارانہ سیاست سے تلنگانہ کو نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ الماس خاں 2009 سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں اور مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2012 میں این ایس یو آئی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ 2015 میں اسمبلی حلقہ میں یوتھ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ رہے جبکہ 2015 میں یوتھ کانگریس کے سوشیل میڈیا کوآرڈینیٹر رہے۔ 1