الوال میں سڑک پر ناجائز قبضہ جات برخواست

   

Ferty9 Clinic

ٹریفک آمد و رفت میں رکاوٹ کی شکایتوں پر حیڈرا کی کارروائی
حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ الوال میں ’حیڈرا‘ نے کاروائی کرتے ہوئے سڑک پر کئے گئے قبضہ جات کو مکمل طو رپر برخواست کردیا۔ ملکا جگری۔ میڑچل میں موجود الوال کے قریب کی گئی ’حیڈرا‘ کی اس کاروائی کے دوران سڑک پر کی جانے والی ناجائز تعمیرات کو مکمل طو رپر منہدم کرتے ہوئے سرکاری اثاثہ جات پر کئے جانے والے قبضہ جات کو برخواست کروایا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اروند انکلیو کے مکین گذشتہ کئی برسوں سے سڑک پر ہونے والے ان قبضہ جات کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو شکایت کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کوئی کاروائی نہیں کی گئی جبکہ اس علاقہ کے عوام کو 100 میٹر کا فاصلہ طئے کرنے کے لئے بسا اوقات 30 منٹ سے زیادہ کا وقت لگنے لگا تھا کیونکہ ٹریفک میں بتدریج اضافہ کے ساتھ ساتھ قبضہ جات میں بھی آئے دن اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا تھا لیکن جی ایچ ایم سی کے عہدیدار عوامی شکایات پر مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے تھے ۔ آؤٹر رنگ روڈکے حدود میں تالابوں‘ پارکس‘ سرکاری اراضیات کے علاوہ سرکاری اثاثہ جات کے تحفظ کے سلسلہ میں ’حیڈرا‘ کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کو دیکھتے ہوئے اروند انکلیو کے مکینوں نے ’حیدرا‘ سے شکایت کا فیصلہ کیا اور ’حیڈرا‘ کے پرجا وانی پروگرام کے دوران مکینوں نے سڑک پرکئے گئے قبضہ جات اور جاری قبضوں کی تفصیلات پیش کی ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے ان شکایات کے موصول ہونے کے بعد الوال کے علاقہ میں جاری قبضہ کی تفصیلات اور سڑکوں کے نقشہ جات طلب کرتے ہوئے ان پر کاروائی کا فیصلہ کیا اور گذشتہ دنوں ہدایت دی کہ سڑک پر کئے جانے والے تمام قبضہ جات کو برخواست کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر منہدم کردیا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قابضین کی جانب سے انہدام کو روکنے کے لئے نوٹس نہ دیئے جانے کا استدلال پیش کیا جاتا رہا لیکن عہدیداروں نے واضح کیا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر کئے جانے والے قبضہ کو برخواست کرنے کے لئے کسی بھی طرح کے نوٹس کی اجرائی کی ضرور ت نہیں ہے اور نہ ہی اس کے لئے کوئی مہلت فراہم کی جائے گی۔3