الو ارجن کے خسر کانگریس لیڈر چندرشیکھر ریڈی ہائیکورٹ سے رجوع

   

کے بی آر پارک کے اطراف توسیعی منصوبہ کی مخالفت، رہائشی مکانات کے انہدام کیلئے نوٹس
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) فلم اسٹار الو ارجن کے خسر اور کانگریس لیڈر کے چندرشیکھر ریڈی نے کے بی آر پارک کی سڑک کے توسیعی منصوبے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ کے بی آر پارک کے اطراف سڑک کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں جن مکانات کو انہدام کی نوٹس دی گئی اُن میں کے چندرشیکھر ریڈی کا مکان بھی شامل ہے۔ اُنھوں نے بعض دیگر افراد کے ساتھ تلنگانہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تاکہ رہائشی مکانات کو منہدم کرنے سے روکا جائے۔ کانگریس قائد کی جانب سے خود حکومت کے پراجکٹ کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ الو ارجن کی حال ہی میں گرفتاری کے بعد چندرشیکھر ریڈی نے حکومت کے ساتھ مصالحت کی کوشش کی تھی تاکہ الو ارجن کے خلاف حکومت کے موقف میں نرمی آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے بی آر پارک کے اطراف ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومت نے فلائی اوور اور انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ سڑک سے متصل مکانات کو نوٹس جاری کی گئی جس کے خلاف چندرشیکھر ریڈی نے حیڈرا کے پرجا وانی پروگرام میں بھی نمائندگی کی تھی۔ حکومت کی جانب سے مثبت ردعمل نہ ملنے پر وہ دیگر متاثرین کے ساتھ ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے بی آر پارک کے اطراف سڑک کے توسیعی منصوبہ سے جن قائدین اور فلمی شخصیتوں کے مکانات متاثر ہوں گے اُن میں سینئر لیڈر جانا ریڈی، فلم اسٹار بالا کرشنا اور دیگر شخصیتیں شامل ہیں۔ کے بی آر پارک کے اطراف 6 جنکشن کو ترقی دینے کا حکومت نے منصوبہ بنایا ہے اور پہلے مرحلہ میں 580 کروڑ جبکہ دوسرے مرحلہ میں 510 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ 1