نئی دہلی،3ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر سے ناراض چاندنی چوک سے رکن اسمبلی الکا لامبا کی منگل کو سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد کانگریس پارٹی میں ان کے شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔محترمہ لامبا کا طویل عرصے سے عام آدمی پارٹی کی اعلی قیادت سے اختلاف چل رہا ہے اور وہ کئی مسئلوں پر پارٹی سے اپنے اختلاف کا اظہار کرچکی ہیں۔رکن اسمبلی آج صبح کانگریس کی عبوری صدر کی رہائش گاہ 10جنپتھ پہنچیں۔اس کے بعد سیاسی حلقوں میں ان کے کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں میں تیزی آگئی ۔دہلی میں اگلے سال کے شروع میں ہی اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔سال 2015کے اسمبلی انتخابات میں آپ نے 70میں سے 67سیٹیں جیت کر سیاست کے ماہرین کے سبھی دعوے جھوٹے ثابت کردئے تھے ۔وزیراعلی اروند کیجریوال نے ووٹروں کو ایک بار پھر پارٹی کی طرف متوجہ کرنے کے لئے حال ہی میں بجلی اور پانی کے بلوں کے سلسلے میں متوجہ کرنے والے اعلان بھی کئے ہیں۔ان اعلانات کو بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی)اور کانگریس نے محض انتخابی اسٹنٹ قرار دیا ہے ۔رکن اسمبلی نے اگست ماہ میں کہا تھا کہ وہ آپ کی رکنیت سے استعفی دینا چاہتی ہیں اور اگلا اسمبلی انتخاب آزادامیدوار کے طورپر لڑیں گی۔اس سال ہوئے عام انتخابات میں آپ کی کارکردگی اچھی نہیں تھی۔محترمہ لامبا نے عام انتخابات میں پارٹی کی طرف سے پرچار مہم میں حصہ بھی نہیں لیاتھا۔اس سے پہلے بھی پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی استعفی دے چکے ہیں۔