حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلہ سے قائدین اور کیڈر میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم کے صدر کاسانی گیانیشور نے آج این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلگودیشم تلنگانہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں قومی صدر چندرا بابو نائیڈو کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی موجودہ سیاسی صورتحال میں الیکشن سے دور رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شریک قائدین نے فیصلہ پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں چندرا بابو نائیڈو سے درخواست کی جائے۔ کاسانی گیانیشور اس موقع پر جذباتی ہوگئے اور انہوں نے تیقن دیا کہ دوبارہ راجمندری جیل پہنچ کر چندرا بابو نائیڈو کو قائدین کے جذبات سے واقف کرائیں گے۔