حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج حیدرآباد میں چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی سے ملاقات کی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم یکم جون تک ریاست کا دورہ کرے گی۔ کمیشن کے پرنسپل سکریٹری محمد عمر، سکریٹری نوین کمار اور سیکشن آفیسر رویندر کمار نے چیف الیکٹورل آفیسر سے فہرست رائے دہندگان کی تیاری، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے درکار سہولتوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم کو پروٹوکول کی فراہمی کے علاوہ دیگر سہولتوں کا اہتمام کیا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم ریاست میں مجالس مقامی اور دیگر انتخابات میں کمیشن کے رول کا جائزہ لے گی۔ یہ ٹیم ضلعی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بنیادی سطح پر انتخابی تیاریوں کا جائزہ لے گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے تلنگانہ میں انتخابات کے انعقاد کے موقع پر کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا ملک بھر میں فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کی مہم میں مصروف ہے جس کے تحت بوگس ناموں کی برخاستگی اور 18 سال کی تکمیل کرنے والے نوجوانوں کے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائیگا۔ الیکشن کمیشن ریاست میں چیف الیکٹورل آفس کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے۔1