الیکشن کمیشن غیر ذمہ دار ‘ بی جے پی کی منفی سیاست : پرینکا

   

نئی دہلی ۔ ایک ایسے وقت جبکہ آسام میں تیسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ایک ایسے وقت جبکہ الیکشن کمیشن غیر ذمہ دار ہے اور بی جے پی منفی سیاست کر رہی ہے آسام کے عوام ترقی اور پیشرفت کی ضمانت والے راستے کا انتخاب کرینگے ۔ آسام میں تیسرے اور آخری مرحلے میں آج 40 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس مرحلے میں جملہ 337 امیدوار میدان میں ہیں۔ فیس بک پر اپنے ایک ہندی پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ آسام میں آخری مرحلہ کی رائے دہی کے موقع پر وہ آسامی بھائیوں اور بہنوں سے اپیل کرینگی کہ وہ کثیر تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوری عمل کو مستحکم کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جبکہ الیکشن کمیشن بالکل غیر ذمہ دار ہوگیا ہے اور بی جے پی منفی سیاست کر رہی ہے آسام کے عوام ایسا راستہ اختیار کرینگے جو انہیں ترقی اور پیشرفت کی ضمانت دے گا ۔ ریاست میں کانگریس زیر قیادت اتحاد نے الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری اور آسام میں اس کے کام کاج پر سوال اٹھایا ہے ۔ بی جے پی امیدوار کی گاڑی سے ووٹنگ مشین برآمد ہونے کے بعد کمیشن پر اپوزیشن کی جانب سے تنقیدوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔