گوہاٹی؍ نئی دہلی۔ 17 فروری (یو این آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل کے روز آسام میں آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کا جامع جائزہ لیا، جس کی قیادت چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ کی۔ یہ معلومات الیکشن پینل کی ایک پریس ریلیز میں دی گئی ہیں۔ گوہاٹی میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے شرکت کی۔ دو روزہ دورہ کا مقصد انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد ہوں۔ دورے کے پہلے دن کمیشن نے تسلیم شدہ قومی اور ریاستی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی، جن میں عام آدمی پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)، انڈین نیشنل کانگریس، آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ، آسام گن پریشد، یونائیٹڈ پیپلز پارٹی لبرل اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ شامل تھے ۔ ای سی آئی کے مطابق، ہر پارٹی کو اپنے خیالات، خدشات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا گیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ آنے والے انتخابات غیر جانبداری سے منعقد ہوں۔ اکثر سیاسی جماعتوں نے کمیشن پر زور دیا کہ وہ انتخابات ایک مرحلے میں یا زیادہ سے زیادہ دو مرحلوں میں کرائے ۔ انہوں نے یہ درخواست بھی کی کہ انتخابی شیڈول میں بیہوفیسٹیول کو مدنظر رکھا جائے ، جو آسام کے اہم ترین ثقافتی تہواروں میں سے ایک ہے ۔ جماعتوں نے ریاست میں انتخابی فہرستوں کی حالیہ خصوصی نظرثانی کو بڑے پیمانے پر سراہا اور انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔