الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کیلئے تین خصوصی مبصرین کا تقرر کیا

   

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، انتخابی مہم کی ویڈیو ریکارڈنگ اور مصارف پر نظر رکھنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے تین خصوصی مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار اجئے وی نائک ، ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار دیپک مشرا اور ریٹائرڈ آئی آر ایس عہدیدار آر بالا کرشنن کو خصوصی مبصرین کے طور پر مقرر کیا ہے۔ جنہوں نے کمرشیل ٹیکس ، اکسائز اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور ان کی ٹیم نے خصوصی مبصرین کو انتخابی تیاریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری کے سلسلہمیں خصوصی مبصرین نے ہدایت دی کہ ملازمین پولیس جنہیں پولنگ اسٹیشنوں کے پاس تعینات کیا جائے وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے۔ پولنگ اسٹیشنوں پر مامور کردہ عہدیداروں اور ملازمین کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں۔ مبصرین نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے موبائیل فون سے ریکارڈنگ کے بجائے کیمرے استعمال کئے جائیں تاکہ بہتر طور پر ریکارڈنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے متعلق درخواستوں کی 10 نومبر تک یکسوئی کرلی جائے گی۔ مبصرین اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے درخواستوں کی یکسوئی کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت دی کہ تمام امیدوار اور ان کے الیکشن ایجنٹس اپنے موبائیل فون میں سی وجل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ امیدواروں کو مذکورہ ایپ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔ مبصرین نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کی مکمل ویڈیو گرافی کو یقینی بنایا جائے اور اس کا ویڈیو فوٹیج پولیس کنٹرول روم میں مشاہدہ کیلئے دستیاب رہے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ میڈیا میں منفی رپورٹ کی صورت میں فوری حقائق کا پتہ چلایا جائے اور میڈیا کو اس کی اطلاع دیں۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر اجئے باڈو نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انتخابی مصارف سے متعلق نگرانکار عہدیدار پنکج سریواستو اور انتخابی مصارف کے مبصر بی آر بالا کرشنن نے انتخابی اخراجات پر نظر رکھنے ضروری ہدایات دیں ۔