الیکشن کمیشن نے کار کے مماثل انتخابی نشانات کو دوبارہ شامل کردیا

   

بی آر ایس کی پریشانی میں اضافہ، بارہا نمائندگی کے باوجود عدم کارروائی کی شکایت
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس نے انتخابات کے موقع پر کار کے مماثل انتخابی نشانات کی صورت میں نقصان کے اندیشہ کے تحت الیکشن کمیشن سے کار کے مماثل نشانات کو حذف کرنے کی نمائندگی کی ہے لیکن اسمبلی انتخابات سے عین قبل الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی جو فہرست جاری کی ہے ان میں کار کے مماثل نشانات شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں 193 انتخابی نشانات کی فہرست جاری کی جو آزاد امیدواروں اور غیر مسلمہ پارٹیوں کو الاٹ کئے جاتے ہیں۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات اور ضمنی چناؤ میں بی آر ایس کو کار کے مماثل انتخابی نشانات سے نقصان ہوا تھا۔ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں بی آر ایس کو تیقن دیا تھا کہ کار کے مماثل نشانات کو حذف کیا جائے گا لیکن 15 مئی کو جاری کردہ فہرست نے بی آر ایس قیادت کی اُلجھن میں اضافہ کردیا ہے۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ضمن میں 193 فری سیمبل جاری کئے گئے جن میں روڈ رولر، چپاتی رولر، ڈولی، سیونگ مشین، صابن دانی، ٹیلی ویژن، کیمرہ اور کشتی جیسے نشانات شامل ہیں جو فوری طور پر کار کی مشابہت میں دکھائی دیتے ہیں۔ بی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ انتخابی نشانات سے رائے دہندوں خاص طور پر دیہی علاقوں میں اُلجھن پیدا ہوگی اور بی آر ایس کو ووٹوں کا نقصان ہوگا۔ پارٹی نے کار کے مماثل نشانات سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے دوبارہ نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں کار کے مماثل نشانات سے بی آر ایس کو جو نقصانات ہوئے ان کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو پیش کی جائے گی۔ بی آر ایس کے سینئر لیڈر بھرت کمار سوما نے حال ہی میں الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی تھی۔ اسی دوران بی آر ایس کے سینئر قائد اور نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار نے کہا کہ نومبر 2011 میں روڈ رولر کو نشانات کی فہرست سے خارج کردیا گیا تھا لیکن پارٹی کے اعتراض کے باوجود دوبارہ شامل کردیا گیا۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں اسوقت کی ٹی آر ایس کی نمائندگی پر آٹو رکشا ، ٹوپی اور آئرن باکس کو فہرست سے حذف کیا گیا تھا۔ منوگوڑو کے ضمنی چناؤ میں الیکشن کمیشن کو 8 انتخابی نشانات حذف کرنے کیلئے نمائندگی کی تھی لیکن کمیشن نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ بی آر ایس قائدین کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر انتخابی نشان چھوٹا ہوتا ہے لہذا عوام کو کم روشنی کی صورت میں کار کی نشاندہی میں دشواری ہوسکتی ہے۔ر