نئی دہلی، 26 جون (یواین آئی) الیکشن کمیشن نے 345 رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کی شناخت اور فہرست سے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے جو گزشتہ چھ سالوں میں ایک بھی الیکشن لڑنے کی ضروری شرط کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی صدارت میں الیکشن کمشنرز ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹر وویک جوشی نے مل کر 345 رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو فہرست سے نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ اس میں وہ تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوں گی جو 2019 سے کہیں بھی سرگرم نہیں ہیں۔ یہ تمام رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ جماعتیں ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں موجود ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ان کے نوٹس میں آیا ہے کہ اس وقت کمیشن کے پاس 2800 سے زائد رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ جماعتیں ہیں جو شرائط پوری نہیں کرتیں لیکن ملک گیر مہم چلا کر اس نے اب تک 345 ایسی جماعتوں کی نشاندہی کی ہے جو فہرست میں رہنے کی اہل نہیں ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ کسی بھی پارٹی کو غیر منصفانہ طور پر فہرست سے خارج نہ کیا جائے ، متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے انتخابی افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی جماعتوں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کریں اور ایسی جماعتوں کو سننے کا موقع دیا جائے گا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے یہ قدم ایسی پارٹیوں کو فہرست سے ہٹانے کے مقصد سے اٹھایا ہے جنہوں نے 2019 کے بعد سے کوئی لوک سبھا یا ریاست یا یونین ٹیریٹری اسمبلی یا ضمنی انتخاب نہیں لڑا ہے اور جن کی جسمانی طور پر شناخت بھی نہیں ہو سکی ہے ۔ اس عمل میں پہلے مرحلے میں ان 345 جماعتوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔