الیکشن کمیشن کو درست معلومات فراہم کرنے کے سی آر کی ہدایت

   

پرچہ نامزدگی کو پُر کرنے میں احتیاط کا مشورہ

حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کے موقع پر کافی چوکس رہیں تاکہ کوئی غلطی نہ ہوجائے جس کے نتیجہ میں پرچہ نامزدگی مسترد ہوسکتا ہے۔ تلنگانہ بھون میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے بعض ارکان اسمبلی کے خلاف عدالتوں کے فیصلہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ پرچہ نامزدگی میں خامیوں کے سبب عدالت میں انتخاب کو چیلنج کیا گیا۔ انہوں نے انتخابی قواعد کی سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد میں تبدیلی آچکی ہے اور ہر امیدوار اور پارٹی قائدین کو اس کی پابندی کرنی چاہیئے۔ پارٹی کی لیگل ٹیم سے مشورہ کے بعد پرچہ نامزدگی داخل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی فارم اور پرچہ نامزدگی کو پُر کرنے میں عجلت کے سبب الیکشن کمیشن میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی حلفنامہ میں تمام تر تفصیلات درست داخل کی جائیں تاکہ قانونی کشاکش سے بچا جاسکے۔ امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ ابھی سے عوام کے درمیان رہیں۔