الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنے کا دعویٰ مسترد

,

   

سائبر ماہر سید شجاع کے خلاف الیکشن کمیشن کی پولیس میں شکایت ، لندن میں کپل سبل کی موجودگی پر حکومت کا سخت اعتراض

نئی دہلی ۔ /22 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودساختہ سائبر ایکسپرٹ کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہیکنگ یا بگاڑ کے قابل ہونے کے دعوؤں نے آج بڑے پیمانے پر سیاسی تلخی پیدا کردی جس میں کانگریس نے ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جمہور یت کی بقاء کے تعلق سے فکر ہے اور بی جے پی نے ان دعوؤں کو کانگریس کی سرپرستی والی سازش قرار دیا جس کا مقصد ہندوستانی جمہور یت اور اس کے الیکشن کمیشن کو بدنام کرنا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے بھی سائبر ماہر کے دعوے کو یکسر مستر د کرتے ہوئے دہلی پولیس میں شکایت درج کروائی اور کہا کہ سید شجاع کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے ، جس نے دوشنبہ کو لندن میں پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ ای وی ایمس کو بگاڑا جاسکتا ہے اور 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں رگنگ ہوئی ۔ کمیشن نے اپنی شکایت میں پولیس سے اس معاملے کی مناسب تحقیقات کیلئے کہا اور یہ بھی کہا کہ ہندوستانی تعزیرات کے مختلف دفعات کی خلاف ورزی ہوئی ہے کیونکہ عوام کے ذہنوں میں شک و شبہ اور خوف پیدا کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کو اس کے لیڈر کپل سبل کی لندن کی پریس کانفر نس میں موجودگی پر سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیر روی شنکر پرشاد نے کہا کہ وہاں کپل سبل آخر کیا کررہے تھے ۔ وہ کس حیثیت سے وہاں موجود تھے ۔ میرا الزام ہے کہ وہ کانگریس کی طرف سے اس ایونٹ کی نگرانی کررہے تھے جہاں شجاع اسکائپ کے ذریعہ الزامات عائد کیا ۔ یہ پریس کانفرنس کانگریس کی زیرسرپرستی سازش ہے ۔ پرساد کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کپل نے کہا کہ مرکزی وزیر نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے جو ان کے عہدہ کے شایان شان نہیں ۔ انہوں نے لندن میں میڈیا والوں کو بتایا کہ مسئلہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کا ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ آیا الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بگاڑی جاسکتی ہیں یا نہیں ۔یہ ایسا مسئلہ ہے جو ہندوستان میں جمہور یت کی بقاء کے تعلق سے ہمیں فکر مند بناتا ہے ۔ کانگریس کے علاوہ کئی اپوزیشن پارٹیوں بشمول بی ایس پی ، ایس پی ، ٹی ڈی پی نے بھی اس معاملے میں سختی تشویش ظاہر کی اور الیکشن کمیشن سے اس کا نوٹ لینے کی اپیل کی ۔ بی ایس پی اور ٹی ڈی پی نے لوک سبھا چناؤ بیلیٹ پیپرس استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔