امارات سے امدادی سامان لیکر پہلا طیارہ ترکیہ پہنچ گیا

   

ابوظہبی ؍ انقرہ : متحدہ عرب امارات ابوظہبی سے امدادی سامان لے کر پہلا طیارہ جنوبی ترکیہ کے ایئرپورٹ ادانہ پہنچ گیا۔ طبی سازوسامان کے علاوہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کی گئی ہیں۔ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے ’الفارس الشھم 2‘ امدادی آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشن کمانڈ نے کہا ہے کہ ’ شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے‘۔اس میں مسلح افواج، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن، زاید بن سلمان النہیان فاؤنڈیشن اور اماراتی ہلال احمر شریک ہیں۔متحدہ عرب امارات نے انسانی اور طبی امداد کا فیصلہ شام اورترکیہ میں زلزلے سے نقصانات کی فوری تلافی کیلئے کیا ہے۔علاوہ ازیں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے شامی صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں، شام اور ترکیہ کے عوام اور دونوں ملکوں کے سربراہوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔اماراتی صدر نے انسانی المیہ اور مشکل حالات میں امارات، شام اور ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ’ زلزلے کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن مدد کیلئے تیارہیں‘۔شام اور ترکیہ کے سربراہوں نے اظہار یکجہتی پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کیا ہے۔علاوہ ازیں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شامی صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان کے نام تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔