امام مسجد سے محبت و عقیدت کے خوش آئند مثالی اقدام

   

نارائن پیٹ ۔ 18 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ کے چھوٹے سے ا منڈل پدا جٹرم کے مسلمانوں نے اپنی جامع مسجد کے امام وخطیب مولانا حافظ محمد عرفات نظامی جو مدرسہ دارالعلوم اشرفیہ کولم پلی سے فارغ ہیں۔ حافظ صاحب کی شادی خانہ آبادی کے پر مسرت موقع پر انھیں ہدیہ اور تحفہ میں اسکوٹی گاڑی پیش کرتے ہوئے حفاظ وعلماء کرام اور اپنے اماموں سے محبت وعقیدت، ان کی عزت وقدر کی بے نظیر مثال پیش کی، اس واقعہ کی پورے ضلع ہی میں نہیں بلکہ ہر طرف زبردست ستائش اور چرچے ہیں، تفصیلات کے مطابق نارائن پیٹ ضلع کے موضع جٹرم کی جامع مسجد کے امام وخطیب مولانا حافظ عرفات نظامی کی شادی کے اس خوشی ومسرت کے مبارک موقع پر، مسلمانان جٹرم نے اپنے امام کو تحفہ میں اسکوٹی گاڑی پیش کی، جو پانچوں وقت نماز کے لئے آمد ورفت کے لئے امام صاحب کی ایک بڑی ضرورت تھی، ایسے ماحول میں جبکہ قوم وملت میں بعض خود غرض عناصر دشمنان اسلام کے آلہ کار بنتے ہوئے علما وحفاظ اور اپنے اماموں کی عظمت کو گھٹارہے ہیں، موضع جٹرم کے مسلمانوں نے ایک خوش آیند اقدام کرتے ہوئے نہ صرف اپنے امام وخطیب صاحب کی ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی بلکہ پوری ملت اسلامیہ کو علماء کرام، وحفاظ عظام اور ائمہ کرام کی عزت وتوقیر، ان کی قدر ومنزلت،اور ان کے مقام ومرتبہ کے ساتھ اپنے اماموں سے محبت وعقیدت کی زبردست مثال پیش کی، اور پوری ملت کو آئینہ دکھایا ہے، واقعہ یہ ہیکہ مسلم قوم اپنے علماء کرام و ائمہ مساجد سے محبت وعقیدت اور تعلق کو مضبوظ بناکر ان سے دینی وعلمی رشتہ استوار کرینگے تو ملت اسلامیہ کے دین وایمان کی حفاظت بھی ہوگی، اور ہماری نئی نسلوں کے لئے ایک بہترین سبق ورہبری بھی، اور اس کے ذریعہ ہمارے اس ملک میں اسلام کے روشن مستقبل کا یہ ایک اہم زینہ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر مولانا سید احمد حسینی اشرفی جانشین ،سید دستگیر حسینی’ سید خواجہ حسینی’ جمال حسینی’ یونس قادری’ مولانا شفاعت علی نظامی’ مولانا فاروق بن مخاشن’ حافظ محمد تقی ودیگر موجود تھے۔